عبدالقادر کے انتقال پر شین وارن اور سچن ٹنڈولکر سمیت متعدد کرکٹرز افسردہ

کھیل
29
0

گگلی ماسٹر عبدالقادر کے انتقال پر سچن ٹنڈولکر سمیت بھارتی کرکٹرز نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے ان کا سامنا کرنے کا موقع ملا، اپنے وقت کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے، ان کی فیملی سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

بھارتی ٹیم کے اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ عبدالقادر سے 2 سال پہلے ملاقات ہوئی تھی، وہ ایک چیمپئن بولر تھے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہو گی۔ بشن سنگھ بیدی نے کہا کہ عبد القادر بڑے دل والے دوست کرکٹر تھے، اسپن بولنگ میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

روی چندر ایشون نے کہا کہ عبدالقادر پاکستان میں اسپن بولنگ کا ایک بہت بڑا نام تھے۔ وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک تھے، ان کے بولنگ کا منفرد انداز سحر میں مبتلا کردیتا تھا۔

آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے کہا کہ 1994 میں عبدالقادر سے ملاقات ہوئی تھی، لیگ اسپن کرنے والے بیشتر بولرز ان سے ہی متاثر تھے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.